پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے ابتدائی نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں تیر کی بارش ہو رہی ہے اور پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آ رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کے اعتماد پر وہ تہہ دل سے شکر گزار ہیں اور پیپلز پارٹی حکومت بنانے کی کوشش کرے گی۔
Gilgit-Baltistan mein teeron ki barish. The Pakistan Peoples Party is emerging as the single largest party and we will be attempting to form government. I am grateful to the people for their trust and congratulations to Jiyalas on their victory.
— Bilawal Bhutto Zardari (@BBhuttoZardari) June 7, 2026
اب تک سامنے آنے والے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 میں سے 12 نشستوں کے نتائج موصول ہو چکے ہیں۔
نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی 7 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے، جبکہ 3 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اور مجلس وحدت مسلمین نے ایک، ایک نشست حاصل کی ہے۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے حلقہ نمبر 4، 5، 7، 9، 10، 11 اور 19 میں کامیابی حاصل کی، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے حلقہ نمبر 22 اور مجلس وحدت مسلمین نے حلقہ نمبر 8 میں کامیابی سمیٹی۔
حلقہ نمبر 3، 23 اور 24 میں آزاد امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔
گلگت بلتستان اسمبلی کے باقی حلقوں کے نتائج کا انتظار ہے، جن کے بعد حکومت سازی کی صورتحال مزید واضح ہو سکے گی۔






















































































