عوام کیلئے اچھی خبر سامنے آنے کا امکان ہے، کیونکہ وزیراعظم شہباز شریف آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کی پیش رفت کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی، جس کے اثرات پاکستان میں بھی منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی کوششیں مثبت نتائج دے رہی ہیں۔
وفاقی وزیر کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک پہنچایا جائے۔
علی پرویز ملک نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کیلئے شفاف ہفتہ وار طریقۂ کار مرتب کرنے کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے طریقۂ کار سے عوام قیمتوں میں اضافے یا کمی کی وجوہات بہتر انداز میں سمجھ سکیں گے، جبکہ اس کی تیاری میں تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کی جائے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ علاقائی کشیدگی کے باوجود ملک میں تیل کی فراہمی کا نظام بلا تعطل جاری رہا اور حکومت توانائی کے تحفظ سے متعلق حکمت عملی کا ازسرِنو جائزہ لے رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کے شعبے میں استحکام اور قومی مفادات کے تحفظ کیلئے مختلف اقدامات پر کام جاری ہے۔





















































































