لیگ اسپنر یاسر شاہ کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو اننگز اور 16 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے چوتھے روز کے کھیل کا آغاز 131 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے کیا تھا تاہم آغاز کے کچھ دیر بعد ہی 146 رنز پر ٹام لیتھم نصف سنچری مکمل کرکے پویلین لوٹ گئے۔
شاہینوں کا چوتھا شکار راس ٹیلر بنے جنہوں نے 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور بلال آصف کی گیند پر یاسر شاہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ دیگر کھلاڑی سابقہ روش کو برقرار رکھتے ہوئے پویلین لوٹتے رہے۔ کیویز کی جانب سے اوپنر جیت راول دو رنز بنا سکے، کپتان کین ولیمسن 30، واٹلنگ 27، گرینڈہوم 14 اور اش سودھی چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔گذشتہ روز بارش کے باعث میچ ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع کیا گیا تھا، چوتھے روز کا کھیل مقررہ وقت سے آدھا گھنٹہ پہلے شروع کیا گیا۔ اختتامی تین بلے باز بھی پاکستانی گیند بازوں کا سامنا نہ کرسکے اور نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 312 رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے میچ میں مجموعی طور پر 14 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ سرانجام دیا۔دوسری اننگز میں بھی لیگ اسپنر 6 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ یاسر شاہ نے عمران خان کا ریکارڈ برابر کردیا جو انہوں نے 36 سال قبل سری لنکا کیخلاف 14 وکٹیں لیکر بنایا تھا۔