کراچی: قومی ایئر لائن پی آئی اے نے مسافروں کے لیے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔
پی آئی اے کے مطابق موجودہ صورتحال کے باعث فلائٹ آپریشن کو جزوی طور پر معطل کر دیا گیا ہے، لہٰذا مسافروں سے گزارش ہے کہ وہ اپنی پرواز سے متعلق پیشگی معلومات ضرور حاصل کریں۔
ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ مسافر فلائٹس کی معلومات کے لیے کال سینٹرز یا قریبی بکنگ دفاتر سے رابطہ کریں۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے بزدلانہ حملے کے بعد پاکستانی فضائی حدود کو بند کر دیا گیا ہے، جس کے باعث کئی ایئر لائنز نے اپنی پروازیں منسوخ یا ان کے روٹس تبدیل کر دیے ہیں۔
ایشیائی ایئر لائنز نے اعلان کیا ہے کہ یورپ جانے اور وہاں سے آنے والی پروازوں کو یا تو منسوخ کیا جا رہا ہے یا ان کے راستوں میں تبدیلی کی جا رہی ہے۔ تائیوان کی ایوا ایئر نے کہا ہے کہ وہ متاثرہ فضائی حدود سے بچنے کے لیے اپنی پروازوں کے روٹس کو ایڈجسٹ کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی حملے کے نتیجے میں دو مساجد شہید ہوئیں، جب کہ ایک بچی سمیت 26 پاکستانی شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے تین رافیل، ایک سکوئی، ایک مگ 29 اور ایک ڈرون مار گرایا، جب کہ بھارتی بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کو بھی تباہ کر دیا۔