امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین پر ایران کو اسلحہ فراہم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن کے مطابق چین ایران کو ہتھیار فراہم کر رہا ہے، تاہم چین نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔
امریکی صدر نے بتایا کہ انہوں نے چینی صدر کو ایک خط میں اس حوالے سے آگاہ کیا اور کہا کہ چین کو ایران کو اسلحہ فراہم کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق یہ اطلاعات تشویش کا باعث ہیں اور خطے کی صورتحال پر اثر انداز ہو سکتی ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ چینی صدر کی جانب سے انہیں ایک خوبصورت جوابی خط موصول ہوا، جس میں چینی صدر نے واضح کیا کہ چین ایران کو کسی قسم کے ہتھیار فراہم نہیں کر رہا اور ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ایک امریکی نشریاتی ادارے نے امریکی انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ چین آئندہ چند ہفتوں میں ایران کو ایک نیا فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے والا ہے، جس کے بعد یہ معاملہ عالمی سطح پر زیر بحث آ گیا تھا۔