امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے اور دونوں ممالک جنگ کے خاتمے کے لیے ایک فریم ورک معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ منگل کے روز ہونے والی بات چیت میں پیش رفت کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی ویب سائٹ ایگزیوس نے امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور ایک ممکنہ فریم ورک معاہدے کی جانب پیش قدمی جاری ہے، جس کا مقصد جاری کشیدگی کا خاتمہ ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق دو امریکی حکام نے بتایا کہ منگل کو ہونے والی بات چیت کے دوران اہم پیش رفت ضرور ہوئی، تاہم انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود اختلافات کے باعث کسی حتمی معاہدے تک پہنچنا ابھی یقینی نہیں کہا جا سکتا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی حکام کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مذاکراتی ٹیم مسلسل رابطوں میں ہے اور دونوں جانب سے مسودوں کا تبادلہ جاری ہے تاکہ کسی قابل قبول معاہدے کی شکل دی جا سکے۔
ویب سائٹ کے مطابق ایک تیسرے امریکی عہدیدار نے کہا کہ امریکا معاہدہ کرنے کا خواہاں ہے اور ایرانی حکومت کے بعض حلقے بھی اس میں دلچسپی رکھتے ہیں، تاہم اصل چیلنج یہ ہے کہ ایرانی حکومت کے تمام متعلقہ اداروں کو اس معاہدے پر متفق کیا جائے۔