ایرانی مسلح افواج کے مرکزی کمانڈ خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے جنوبی لبنان میں اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھیں تو اسے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایرانی فوجی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران اسرائیلی افواج نے مبینہ طور پر جنوبی لبنان میں جنگ بندی کی 84 مرتبہ خلاف ورزی کی ہے۔
بیان کے مطابق ان کارروائیوں کے نتیجے میں عام شہری بھی نشانہ بنے ہیں جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ رہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی اور کشیدگی میں کمی کے دعوؤں کے باوجود زمینی حقائق مختلف ہیں اور اسرائیلی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔
خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر نے واضح کیا کہ اگر اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں اپنی کارروائیاں بند نہ کیں تو ایران کی مسلح افواج مناسب اور سخت جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ خطے میں کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا اور یکطرفہ فوجی اقدامات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ایرانی فوجی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے کے امن اور استحکام کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کے خلاف ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔





















































































