فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے 23ویں ایڈیشن کے پہلے سیمی فائنل میں اسپین نے فرانس کو شکست دے کر 16 برس بعد میگا ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
ڈیلس میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں اسپین نے فرانس کو 0-2 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
اسپین نے میچ کا آغاز انتہائی جارحانہ انداز میں کیا اور ابتدا ہی سے فرانس پر دباؤ برقرار رکھا۔ اسپین کی جانب سے پہلا گول پہلے ہاف کے 22ویں منٹ میں میکیل اوریار زبال نے پنالٹی کک پر اسکور کیا، جو رواں ورلڈ کپ میں ان کا پانچواں گول بھی تھا۔
اسپین کی جانب سے دوسرا گول دوسرے ہاف کے 58ویں منٹ میں پیڈرو پورو نے شاندار کک کے ذریعے اسکور کرکے ٹیم کی برتری مزید مستحکم کردی۔
ٹورنامنٹ میں اب تک 8 گول کرنے والے فرانس کے اسٹار کھلاڑی ایمباپے سیمی فائنل میں بھرپور کوشش کے باوجود کوئی گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
واضح رہے کہ اسپین کی ٹیم 16 برس بعد فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی ہے، جبکہ اس سے قبل 2010 میں اسپین نے فٹبال ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
فیفا ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل کل ارجنٹینا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔























































































