کلفٹن کے علاقے تین تلوار کے قریب ڈکیتی کے دوران ڈاکٹر آکاش کے قتل کے مقدمے میں گرفتار ملزمان سے تفتیش کے دوران مزید اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔
تفتیشی حکام کے مطابق 13 جولائی کو پیش آنے والے واقعے میں گرفتار تینوں ملزمان، اسلم عرف بابا، رام چند اور انیل سے تحقیقات جاری ہیں۔
ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے بتایا کہ ڈکیت گینگ کا مبینہ سرغنہ اسلم عرف بابا ہے جبکہ گینگ کے دیگر ارکان بھی قائد آباد کے رہائشی ہیں۔
ملزمان نے دعویٰ کیا کہ واردات میں اسلم عرف بابا سمیت دیگر افراد کے علاوہ ایک خاتون بھی شامل تھی۔
تفتیشی حکام کے مطابق دورانِ تفتیش یہ بھی انکشاف ہوا کہ گرفتار ملزمان بینکوں کے باہر شہریوں سے رقم چھیننے اور تاجروں کو لوٹنے کی متعدد وارداتوں میں بھی مبینہ طور پر ملوث رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ گینگ کے دیگر ارکان اور ان سے منسلک وارداتوں کی تفصیلات سامنے لائی جا سکیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے ڈاکٹر آکاش کو ڈکیتی کے دوران فائرنگ کرکے قتل کرنے کے مقدمے میں ملزمان کی گرفتاری کی تصدیق کی تھی۔























































































