حکومت سندھ نے کراچی میں ٹریفک کے مسائل کم کرنے اور شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے یونیورسٹی روڈ پر مکسڈ ٹریفک لین جلد کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس فیصلے کا اعلان سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے سے متعلق اجلاس میں کیا گیا، جہاں منصوبے کی پیش رفت اور جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ٹرانس کراچی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زبیر چنہ، منصوبے کے کنسلٹنٹس اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور مختلف سیکشنز پر پیش رفت مزید تیز کرنے کے لیے متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی کراچی کے لیے ایک اہم عوامی سفری منصوبہ ہے، جس کی بروقت تکمیل حکومت سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے مؤثر انداز میں کام کیا جائے تاکہ شہریوں کو جلد جدید سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ بہتر، محفوظ، جدید اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
ان کے مطابق ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کی تکمیل سے کراچی میں جدید عوامی ٹرانسپورٹ نظام کو فروغ ملے گا، ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور لاکھوں شہریوں کو معیاری سفری سہولیات میسر آئیں گی۔























































































