موجودہ مالی سال کےپہلےماہ جولائی 2026 کےدوران حکومت کو 76 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سےزائد کی بیرونی مالی معاونت موصول ہوئی،جس میں 74 کروڑ 46 لاکھ ڈالرقرض اور ایک کروڑ 83 لاکھ ڈالر گرانٹ شامل ہے۔
اقتصادی امورڈویژن کی جاری کردہ رپورٹ کےمطابق جولائی میں بیرون ملک سے ملنے والے فنڈز پاکستانی کرنسی میں تقریباً 214 ارب 99 کروڑروپے کےبرابرہیں،جن میں 209 ارب 88 کروڑ روپے قرض جبکہ 5 ارب 10 کروڑ روپے گرانٹ شامل ہے۔
رپورٹ کےمطابق جولائی 2025 کے مقابلےمیں گزشتہ ماہ بیرونی مالی معاونت میں 10 فیصد اضافہ ہوا، تاہم جون 2026 کےمقابلے میں بیرونی مالی معاونت میں 81 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی،جون 2026 میں حکومت کو 4 ارب ڈالر سے زائد بیرونی مالی معاونت ملی تھی۔
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق جولائی 2026 میں دوطرفہ ممالک نے ایک کروڑ 96 لاکھ ڈالر جبکہ مختلف عالمی اداروں نے 25 کروڑ 28 لاکھ ڈالر فراہم کیے،نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کے ذریعے 34 کروڑ 39 لاکھ ڈالرکا قرض لیاگیا،عالمی بینک نے 13 کروڑ ڈالر اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے 5 کروڑ 91 لاکھ ڈالر قرض فراہم کیا، چین نے جولائی میں 14 کروڑ 66 لاکھ ڈالر کا گارنٹی شدہ قرض فراہم کیا۔





















































































