دبئی: بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ امول مزومدار نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے چیئرمین محسن نقوی سے ویمنز ایشیا کپ کی ٹرافی وصول نہ کرنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اسپورٹس مین اسپرٹ کے خلاف نہیں، ٹورنامنٹ ختم ہوچکا ہے اور بھارت چیمپئن ہے۔
اتوار کو بھارتی ویمنز ٹیم نے دفاعی چیمپئن سری لنکا کو شکست دے کر آٹھویں مرتبہ ویمنز ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
فائنل کے بعد دبئی میں انعامات کی تقریب منعقد ہوئی جس میں اے سی سی چیئرمین محسن نقوی اسٹیج پر موجود تھے، تاہم بھارتی ٹیم تقریب کے لیے میدان میں نہیں آئی اور ٹرافی وصول نہیں کی۔
بھارتی ٹیم کی عدم موجودگی میں انعامات کی تقریب مکمل کردی گئی جبکہ ٹرافی اے سی سی نے اپنے پاس رکھ لی۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں بھارتی ہیڈ کوچ امول مزومدار نے کہا کہ ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے کیا تھا اور ٹیم اس فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرافی نہ لینا اسپورٹس مین اسپرٹ کے خلاف نہیں ہے، ہمارے لیے ٹورنامنٹ ختم ہوچکا ہے اور ہم چیمپئن ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران ان سے سوال کیا گیا کہ بھارتی ویمنز ٹیم کو ایشیا کپ کی ٹرافی کب ملے گی، جس پر امول مزومدار نے کہا کہ انہیں اس بارے میں کچھ معلوم نہیں اور نہ ہی کوئی اطلاع ہے کہ ٹرافی کب ملے گی۔
بھارتی کوچ نے ایک بار پھر کہا کہ ٹیم نے ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہدایت پر کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم میں بڑے بورڈ پر واضح طور پر لکھا تھا کہ بھارت ’ایشیا کپ 2026 کا چیمپئن‘ ہے، اس لیے ہمارے لیے ٹورنامنٹ باضابطہ طور پر ختم ہوچکا ہے۔
امول مزومدار کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم اب اس معاملے سے آگے بڑھ چکی ہے اور اس کی نظریں آئندہ ایشین گیمز پر مرکوز ہیں۔






















































































