کراچی: نادرا سہولت سینٹرز پر عمرہ زائرین سے ویکسی نیشن فیس کی مد میں مقررہ رقم سے ہزاروں روپے زائد وصول کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
پاک آئی ڈی ایپ کے مطابق انفلوئنزا ویکسی نیشن کی فیس ایک ہزار 720 روپے جبکہ گردن توڑ بخار کی ویکسین کی فیس 2 ہزار 785 روپے مقرر ہے، اس طرح دونوں ویکسینز کی مجموعی فیس 4 ہزار 505 روپے بنتی ہے۔
نادرا سہولت سینٹرز پر اس رقم کے علاوہ صرف 150 روپے سروس چارجز وصول کیے جانے چاہئیں، تاہم بیشتر مراکز پر عمرہ زائرین سے مجموعی طور پر 6 سے 7 ہزار روپے تک وصول کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
کراچی کے مختلف سہولت سینٹرز پر عمرہ زائرین کی قطاریں بھی دیکھی جارہی ہیں جبکہ مقررہ فیس سے زائد رقم کی وصولی کے باعث شہریوں کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ عمرہ زائرین کی بڑی تعداد جدید موبائل فون اور پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے ویکسی نیشن فیس کی ادائیگی کے طریقہ کار سے واقف نہیں، جس کے باعث بعض سہولت سینٹرز پر ان سے زائد رقم وصول کیے جانے کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔






















































































