ریاض: سعودی عرب میں حوثیوں کے بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں 13 شہری زخمی ہوگئے جبکہ متعدد مکانات اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے مطابق پیر کو حوثی فورسز کی جانب سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے متعدد حملے کیے گئے۔
سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ حملوں میں خمیس مشیط، ابہا اور طائف میں شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان کے مطابق حملوں کے نتیجے میں 13 افراد معمولی سے درمیانے درجے تک زخمی ہوئے جبکہ 7 مکانات اور 2 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور شہری تنصیبات کو دانستہ طور پر نشانہ بنانے والے بار بار کے حملے کشیدگی میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی افواج کی مشترکہ کمانڈ سعودی عرب کی خودمختاری، شہریوں اور شہری تنصیبات کو ان حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے سخت اور ذمہ دارانہ کارروائی کرے گی۔
ترجمان کے مطابق کسی بھی جوابی کارروائی میں بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج حقِ دفاع کے اصول کو مدنظر رکھا جائے گا۔
اس سے قبل یمن کے حوثیوں نے سعودی عرب کے کنگ خالد ایئر بیس کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
حوثی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ یہ کارروائی گزشتہ 5 روز کے دوران یمن کے مختلف صوبوں پر 300 سے زائد سعودی فضائی حملوں کے جواب میں کی گئی۔






















































































