وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے نتائج کی پاسداری پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ بات چیت کامیاب ہو بھی جاتی تو اس کے احترام کی ضمانت کیا ہوتی؟
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے الزام عائد کیا کہ کارکن اسلحہ لے کر سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں، جبکہ ان کے رہنما بم پروف اور بلٹ پروف سرکاری گاڑیوں میں چھپے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہ ’’دلیر لیڈر‘‘ گاڑیوں میں ’’چوہوں کی طرح‘‘ چھپے ہوئے ہیں۔
وزیر دفاع نے ہیلی کاپٹر اور سرکاری وسائل کے استعمال اور مسلح جلوسوں کا ذکر کرتے ہوئے انہیں عدالتی حکم کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ دلیر رہنما، جو ان کے بقول ’’دو نمبر مال کھاؤ‘‘ نہ ہو، اپنے کارکنوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہوتا ہے۔ خواجہ آصف نے الزام لگایا کہ عدالت کے حکم اور طے کردہ شرائط کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جارہی ہے۔
مذاکرات کے حوالے سے انہوں نے سوال کیا کہ اگر بات چیت نتیجہ خیز ہو بھی جاتی تو اس کے احترام کی کیا ضمانت ہوتی؟ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر سب متفق ہیں اور اس کا احترام کرتے ہیں، مگر پی ٹی آئی اس پر راضی نہیں۔
خواجہ آصف نے مزید الزام عائد کیا کہ افغانستان سے ڈرون حملہ ہو یا دہشت گردی کا واقعہ، پی ٹی آئی نہ مزاحمت کرتی ہے اور نہ مذمت۔ انہوں نے فوج، پیرا ملٹری اور پولیس کے اہلکاروں کی شہادتوں کے حوالے سے بھی پارٹی پر یہی تنقید کی۔
اپنے بیان کے اختتام پر وزیر دفاع نے طنزیہ انداز میں کہا کہ وہ کہتے تھے حملہ سومنات پر ہوگا، لیکن یہ اسلام آباد ہے، ’’یہ غزنی سے تو باہر نکلیں۔‘‘

















































































