قومی کرکٹر محمد رضوان نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن اتھارٹی (این سی سی آئی اے) میں پیش ہوگئے، جہاں چار رکنی تحقیقاتی ٹیم ان سے سوالات کرے گی۔
محمد رضوان کو ضابطہ فوجداری کے سیکشن 160 کے تحت نوٹس جاری کیا گیا تھا، جس میں ضبط شدہ ڈیوائس کے فارنزک معائنے اور تجزیے کیلئے ان سے تعاون طلب کیا گیا۔
این سی سی آئی اے میں پیشی کے موقع پر محمد رضوان نے صحافیوں کے سوالات کا جواب نہیں دیا اور مسکراتے ہوئے اندر چلے گئے۔
ذرائع کے مطابق محمد رضوان سے سوالات کیلئے این سی سی آئی اے کی چار رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جس میں ایک ڈپٹی ڈائریکٹر اور تین انسپکٹر شامل ہیں۔
محمد رضوان اس سے قبل بھی این سی سی آئی اے میں پیش ہوچکے ہیں جبکہ اتھارٹی کی جانب سے انہیں موبائل فون کے فارنزک معائنے اور تجزیے کے سلسلے میں نوٹسز بھی جاری کیے گئے ہیں۔




















































































