الیکشن کمیشن کے ذرائع نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے انتخابی معاملات سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے مؤقف میں بنیادی حقائق کو نظرانداز کیا گیا ہے۔
کراچی پریس کلب میں بلاول کی میٹ دی پریس گفتگو کے حوالے سے ذرائع نے کہا کہ مخصوص نشستوں کی اہلیت ان سیاسی جماعتوں کو حاصل ہوتی ہے جو بطور جماعت انتخابات میں حصہ لیتی ہیں۔ ان کے مطابق جماعتوں کو انتخابات سے پہلے مقررہ مدت کے اندر اپنے امیدواروں کی ترجیحی فہرست بھی جمع کرانا ہوتی ہے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف نے ایسی فہرست جمع نہیں کرائی تھی۔ انہوں نے بلاول کی جانب سے پی ٹی آئی کا انتخابی نشان واپس لینے کے فیصلے کو غیرقانونی قرار دینے پر بھی اعتراض کیا۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعات 208 اور 209 جماعتوں کو شفاف انٹرا پارٹی انتخابات کا پابند بناتی ہیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ تحریک انصاف مطلوبہ قانونی معیار اور اپنے پارٹی آئین کے مطابق اندرونی انتخابات کرانے میں ناکام رہی تھی۔

















































































