فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے میران شاہ کے دورے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے دہشت گردی کو فیصلہ کن طور پر ختم کرنے کا عزم دہرایا ہے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا پولیس کی ثابت قدمی اور قربانیوں کو بھی سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔ چیف آف ڈیفنس فورسز نے یادگار شہداء پر پھول رکھے، قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔
فیلڈ مارشل نے اہلکاروں کی تیاریوں، پیشہ ورانہ مہارت اور ملکی سلامتی کے لیے عزم کی تعریف کی۔ انہوں نے خیبر پختونخوا پولیس کو بہادر صف اول کی فورس قرار دیتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف اس کی جدوجہد پر فخر کا اظہار کیا۔
دورے میں انہیں سکیورٹی صورتحال، انٹیلی جنس بنیادوں پر جاری کارروائیوں اور حاصل کامیابیوں کو مستحکم کرنے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے صوبے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے سکیورٹی فورسز کے عزم کا اعادہ کیا۔


















































































