پاکستان میں تعینات برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اہم جنگ بندی میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا ہے، جسے عالمی سطح پر پاکستان کے کردار کی اہمیت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان کی خاموش اور مؤثر سفارتکاری قابلِ تحسین ہے، اور اس نے اس اہم جنگ بندی میں مثبت کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ اس نے اس حساس صورتحال میں ذمہ دارانہ اور مؤثر سفارتی کردار نبھایا، جس کے نتیجے میں جنگ بندی ممکن ہو سکی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کے نتیجے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی میں دو ہفتوں کی توسیع کا اعلان کیا تھا، جسے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا۔
امریکی صدر نے ایران کو آبنائے ہرمز کھولنے یا سویلین انفراسٹرکچر پر حملوں سے متعلق دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ قبل جنگ بندی کا اعلان کیا، جس نے صورتحال کو ایک نئے رخ پر ڈال دیا۔























































































