سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان کا دورۂ پاکستان مکمل ہو گیا ہے، جس کے بعد وہ واپس اپنے ملک روانہ ہو گئے، جبکہ اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کی عکاسی قرار دیا جا رہا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر سعودی وزیر خزانہ کو رخصت کیا، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان مختصر مگر خوشگوار گفتگو بھی ہوئی۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خزانہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات اور جاری اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
محمد اورنگزیب نے اس موقع پر خواہش ظاہر کی کہ وہ آئندہ واشنگٹن میں ہونے والے مالیاتی اجلاسوں کے دوران سعودی ہم منصب سے دوبارہ ملاقات کریں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سعودی وزیر خزانہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور قریبی شراکت داری کا مظہر ہے، اور مستقبل میں اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔























































































