قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 5 بجے دوبارہ شروع ہوگا، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اجلاس کا دو نکاتی ایجنڈا جاری کردیا ہے۔
ایجنڈے کے مطابق قومی اسمبلی میں آج بجٹ 25-2024 پر بحث کا آغاز ہوگا، موجودہ اجلاس میں فنانس بل 25-2024 منظوری کیلئے بھی پیش ہوگا۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب بجٹ پر بحث کا آغاز کریں گے اور حکومت کی معاشی پالیسیوں اور ٹیکسوں کے نظام پر تنقید کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے بجٹ منظوری کے دوران احتجاج اور ہنگامہ آرائی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، بجٹ پر بحث ایک ہفتہ جاری رہے گی۔ ہفتہ اور اتوار کو بھی اجلاس جاری رکھنے کی تجویز ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کا 29 جون کو قومی اسمبلی سے بجٹ منظوری حاصل کرنے کا امکان ہے، حکومتی اراکین کو بجٹ اجلاس میں حاضری یقینی بنانے اور حلقوں میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعظم بجٹ منظوری کے عمل کے دوران خود بھی ایوان میں موجود رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق بجٹ پر پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کیلئے مذاکرات بھی اجلاس کے دوران ہی ہوں گے۔