انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) نے ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ 2024 جاری کر دی، جس کے مطابق پاکستان میں مہنگائی و بے روزگاری میں کمی کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان میں رواں مالی سال معاشی شرح نمو 3.2 فیصد رہے گی، جبکہ گزشتہ مالی سال یہ شرح 2.4 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں اس سال مہنگائی کی اوسط شرح 9.5 فیصد رہنے کی توقع ہے، جبکہ مہنگائی کی سالانہ شرح 12 فیصد کے ہدف کے مقابلے میں 10.6 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ مالی سال میں مہنگائی کی اوسط شرح 23.4 فیصد رہی۔
آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ رواں سال بے روزگاری کی شرح کم ہو کر 7.5 فیصد پر آ سکتی ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال یہ 8 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ منفی 0.9 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال یہ منفی 0.2 فیصد تھا۔ سال 2024 میں عالمی معیشت کی ترقی کی شرح 3.2 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق، عالمی معیشت مختلف تنازعات، سماجی تناؤ، اور موسمیاتی خطرات کا سامنا کر رہی ہے، جس کی وجہ سے علاقائی تنازعات شرح سود میں کمی کی عالمی کوششوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔ تیل سمیت مختلف اجناس کی سپلائی میں بھی خلل پیدا ہو سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، عالمی سطح پر مہنگائی اس سال 5.8 فیصد اور اگلے سال 4.3 فیصد رہنے کی توقع ہے۔ بین الاقوامی سطح پر اشیاء کی مہنگائی میں کمی کی توقع ہے، جبکہ سروسز کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔ امریکہ سمیت دیگر ممالک میں انتخابات کے پیش نظر پالیسیوں میں تبدیلی کی توقع بھی کی گئی ہے۔