اسلام آباد:فلائی دبئی نے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور سے آپریشن کا آغاز کر دیا، پہلی پرواز کی آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ترجمان پاکستان ائیر پورٹس اتھارٹی کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق فلائی دبئی کی پہلی پرواز گزشتہ رات 164 مسافروں کے ساتھ پشاور پہنچی، اس موقع پر پرواز کا پرتپاک استقبال کیا گیا، باچا خان ایئرپورٹ پر فلائی دبئی کی پرواز کو واٹر کینن کی سلامی دی گئی اور کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق فلائی دبئی ہفتے میں سات پروازیں چلائے گی۔
ترجمان نے کہا کہ اس اقدام سے پشاور سے خلیجی و یورپی ممالک کیلئے فضائی روابط میں توسیع ہوگی۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان نے کہا کہ فلائی دبئی کی پرواز ایف زی 375 صبح 2 بجکر 20 منٹ پر 184 مسافروں کے ساتھ واپس دبئی بھی روانہ ہوگئی ہے۔