لاہور میں شدید گرمی کے آغاز کے ساتھ ملک بھر میں غیر اعلانیہ بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے، جس میں شہریوں کو درپیش مشکلات اور کاروباری سرگرمیوں پر پڑنے والے منفی اثرات کو اجاگر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے شہری پہلے ہی بجلی اور گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سامنا کر رہے ہیں، تاہم گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ اب ان علاقوں میں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع کر دی گئی ہے جو پہلے اس سے مستثنیٰ قرار دیے گئے تھے، جس سے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ مہنگی بجلی کی ادائیگی کے باوجود شہریوں کو بلا تعطل بجلی فراہم نہیں کی جا رہی، جبکہ اس صورتحال کے باعث کاروباری سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں اور معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو شہریوں کو مسلسل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں، تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
دوسری جانب پاور ڈویژن کی جانب سے ملک بھر میں شام 5 بجے سے رات 1 بجے تک مزید سوا دو گھنٹے کی اضافی لوڈشیڈنگ کا اعلان بھی کیا گیا ہے، جس کے بعد بجلی صارفین کو نئے شیڈول کے مطابق مزید بندش کا سامنا کرنا پڑے گا۔























































































