وزیراعظم شہباز شریف نے اس امر کو واضح کیا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں مسلسل جاری رکھے گا۔ انہوں نے یہ بات سعودی ولی عہد سے جدہ میں ہونے والی طویل ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں بیان کی، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے اس موقع پر سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا اور مشکل حالات میں سعودی قیادت کی دانشمندانہ حکمت عملی، صبر و تحمل اور تدبر کو سراہا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملاقات کے دوران سعودی ولی عہد کو امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کردار اور اسلام آباد میں ہونے والے تاریخی امن مذاکرات سے متعلق حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
شہباز شریف نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان ایک پائیدار امن معاہدے کے حصول کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا تاکہ خطے میں دیرپا امن کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کی جانب سے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر اظہار تشکر بھی کیا۔
وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس کے مطابق جدہ میں ہونے والی یہ ملاقات تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہی اور اس دوران دونوں رہنماؤں نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا اور حالیہ صورتحال میں سعودی عرب کی جانب سے دکھائے گئے مثالی صبر اور تحمل کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے سعودی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور سعودی قیادت کا طرز عمل نہ صرف سعودی عرب بلکہ تمام امن پسند اقوام کے لیے ایک مثال ہے۔ اعلامیے کے مطابق سعودی ولی عہد نے امن عمل میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے تعمیری کردار کو سراہا، جبکہ وزیراعظم نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت کی تعریف کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں قریبی تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور دیرینہ شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔