پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے کا باقاعدہ آغاز آج سے ہو رہا ہے، جس میں کراچی میں کھیلے جانے والے اہم کوالیفائر میچ میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی، اور اس مقابلے کے نتیجے میں فائنل میں رسائی کی پہلی ٹیم کا فیصلہ ہوگا۔
پی ایس ایل کوالیفائر کے ای ٹکٹ کی فروخت عارضی طور پر تعطل کا شکار ہو گئی ہے، جہاں لیگ انتظامیہ کے مطابق ویب سائٹ پر بیک وقت غیر معمولی رش کے باعث ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا نظام متاثر ہوا، تاہم انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس مسئلے کو جلد حل کر کے ای ٹکٹنگ کا عمل بحال کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب فزیکل ٹکٹوں کی فروخت آج صبح 10 بجے سے شروع کی جا رہی ہے، جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق شائقین کرکٹ ٹکٹ کوریئر کمپنی کے گلشن اور گلستان جوہر میں قائم دفاتر سے حاصل کر سکتے ہیں۔
پی سی بی حکام کا مزید کہنا ہے کہ چائنا گراؤنڈ پارکنگ میں بھی ایک عارضی کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے، جہاں سے دوپہر 12 بجے کے بعد فزیکل ٹکٹ دستیاب ہوں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔























































































