کراچی میں حالیہ شدید گرمی کے باعث پیٹ کی بیماریوں، خصوصاً گیسٹرو کے مریضوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس پر طبی ماہرین نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
جناح اسپتال کے حکام کے مطابق روزانہ 150 سے زائد مریض معدے سے متعلق مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو کر اسپتال پہنچ رہے ہیں، جبکہ عام دنوں میں ایسے مریضوں کی تعداد تقریباً 50 ہوا کرتی تھی۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زیادہ تر مریض الٹی، دست، پیٹ درد اور ڈائریا جیسی علامات کے ساتھ اسپتال آ رہے ہیں، اور ابتدائی طور پر یہ کیسز آلودہ پانی اور غیر معیاری خوراک کے استعمال سے منسلک دکھائی دیتے ہیں۔
طبی ماہرین نے شہریوں کو سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف صاف اور ابلا ہوا پانی استعمال کیا جائے، جبکہ باسی، کھلے اور غیر معیاری کھانوں سے مکمل پرہیز کیا جائے تاکہ بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق شدید گرمی کے موسم میں حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل نہ کرنے سے معدے کی بیماریوں میں تیزی سے اضافہ ہو سکتا ہے، اس لیے شہری خصوصی احتیاط برتیں۔























































































