ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے بُری خبر سامنے آئی ہے، کیونکہ بجلی کی قیمت میں اضافے کیلئے باقاعدہ درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے مئی کی ماہانہ ایندھن لاگت ایڈجسٹمنٹ کی مد میں قومی برقی ضابطہ کار اتھارٹی کو بجلی 82 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دی ہے۔
درخواست کے مطابق مئی کے دوران بجلی کی پیداوار پر اوسط ایندھن لاگت 9 روپے 25 پیسے فی یونٹ رہی۔
قومی برقی ضابطہ کار اتھارٹی اس درخواست پر 30 جون کو سماعت کرے گی، جس کے بعد تکنیکی جائزے کی بنیاد پر قیمتوں میں اضافے یا موجودہ نرخ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اگر درخواست منظور کر لی گئی تو ملک بھر کے بجلی صارفین پر تقریباً 12 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔
توانائی کے شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین کے مطابق ماہانہ ایندھن لاگت ایڈجسٹمنٹ بجلی پیدا کرنے کیلئے استعمال ہونے والے ایندھن کی قیمتوں میں ردوبدل کے باعث کی جاتی ہے، جس کا اثر براہ راست صارفین کے بلوں پر پڑتا ہے۔
حتمی فیصلہ قومی برقی ضابطہ کار اتھارٹی کی سماعت اور منظوری کے بعد سامنے آئے گا۔





















































































