وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ انہیں اڈیالہ جیل میں قید تنہائی میں رکھا گیا اور جیل میں پیش آنے والے ذاتی تجربات کو دیکھتے ہوئے پنجاب میں قیدیوں کے لیے اصلاحات متعارف کرائی گئیں۔
جیل اصلاحات سے متعلق جوڈیشل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے، جہاں 45 جیلیں موجود ہیں۔ ان جیلوں میں 39 ہزار قیدیوں کی گنجائش ہے، تاہم اس وقت 70 ہزار سے زائد قیدی موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جیلوں میں متعدد اصلاحات کی ہیں اور قیدیوں کو نئی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ قیدیوں سے متعلق بیشتر اصلاحات کے پیچھے ان کے اپنے جیل کے تجربات بھی شامل ہیں۔
مریم نواز نے بتایا کہ انہیں اڈیالہ جیل میں قید تنہائی میں رکھا گیا تھا، جہاں کسی قسم کی پرائیویسی نہیں تھی۔ ان کے مطابق جیل کے کمرے کے ایک حصے میں واش روم اور دوسرے حصے میں سونے کی جگہ تھی۔
انہوں نے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آتا تھا کہ جائے نماز کہاں بچھائیں۔ ایک موقع پر ان کے ہاتھ کانپ رہے تھے اور گڑ والی بوتل گر کر ٹوٹ گئی۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہی تجربات کو دیکھتے ہوئے پنجاب کی جیلوں میں اصلاحات کی گئیں اور اب تمام قیدیوں کے لیے ویڈیو لنک کی سہولت موجود ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قانون کا احترام سب پر لازم ہے اور سندھ حکومت جیلوں میں جامع اصلاحات پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ میں بحالی مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ قیدیوں کو جیل منتقل کرنے سے قبل ان کی اسکریننگ بھی کی جاتی ہے۔ حکومت ایسے اقدامات کر رہی ہے تاکہ سزا مکمل کرنے کے بعد قیدی ذمہ دار شہری کے طور پر معاشرے میں واپس آ سکیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ جیل اصلاحات کا آغاز اڈیالہ جیل سے ہونا چاہیے اور جیل کے باہر ملاقاتیوں کے لیے انتظار گاہ قائم کی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قیدیوں کے لیے ای وزیٹنگ اور ویڈیو کال کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی کی ان کے بیٹوں سے ویڈیو لنک پر بات کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں جیل اصلاحات اور قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ مسیحی قیدیوں کو عبادت کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔






















































































