آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026 کے تیسرے مرحلے کے تحت پونچھ ڈویژن کے اضلاع باغ اور حویلی کے چار حلقوں میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔
انتخابی شیڈول میں تبدیلی کے بعد ضلع باغ کے تین اور ضلع حویلی کے ایک حلقے میں ووٹنگ ہو رہی ہے، جبکہ ضلع پونچھ کے پانچ اور ضلع سدھنوتی کے دو حلقوں میں انتخابات مؤخر کر دیے گئے ہیں۔
پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے شروع ہوا، جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔
یہ حلقے سیاسی لحاظ سے غیر معمولی اہمیت کے حامل سمجھے جا رہے ہیں، کیونکہ مسلم کانفرنس کے سربراہ اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان، استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس، جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور بھی میدان میں موجود ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق ان حلقوں میں تقریباً چار لاکھ ساٹھ ہزار ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جبکہ انتخابی عمل کے دوران سکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) نے 9 اور پاکستان پیپلز پارٹی نے 4 نشستیں حاصل کی تھیں۔
دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرین کی 21 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) 15 اور پاکستان پیپلز پارٹی 6 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھی۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) اب تک 24 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 10 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔






















































































