بلوچستان: آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران 9 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ان کے ٹھکانے تباہ کرکے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کرلیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق زیارت، ہرنائی اور سوراب میں دہشتگردوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مختلف آپریشنز کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق زیارت اور ہرنائی کے درمیان واقع پہاڑی سلسلے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر بڑا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر کارروائی کی، جس کے دوران 8 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے بھی تباہ کردیے گئے۔
دوسری جانب ضلع سوراب میں سکیورٹی فورسز نے دشت کٹائی اور حاجیکہ کے درمیان دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا، جس کے بعد حاجیکہ گاؤں میں آپریشن کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق حاجیکہ گاؤں میں کی گئی کارروائی کے دوران ایک دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے ایمونیشن، میگزین، دستی بم، واکی ٹاکی، موٹرسائیکل اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام تک بلا تعطل کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہیں۔




















































































