لندن: برطانیہ کے نیشنل ایئر ٹریفک سروسز کے فلائٹ پروسیسنگ اور ریڈار سسٹم میں پیدا ہونے والی بڑی تکنیکی خرابی دور کردی گئی، جس کے بعد سسٹم بحال ہوگیا ہے۔
حکام کے مطابق تکنیکی خلل کے باعث لندن کے ہیتھرو، گیٹ وِک، مانچسٹر، برمنگھم، ایڈنبرا، لوٹن اور گلاسگو سمیت 15 بڑے ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا۔
ایک اندازے کے مطابق ملک بھر میں 4 ہزار سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں، جن میں 1,305 پروازیں منسوخ جبکہ تقریباً 2,700 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
لندن ہیتھرو ایئرپورٹ پر 527 پروازیں منسوخ اور 430 تاخیر کا شکار ہوئیں، جبکہ لندن گیٹ وِک پر 260 پروازیں منسوخ اور 312 میں تاخیر ہوئی۔
لندن اسٹینسٹڈ ایئرپورٹ پر بھی 122 پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ 300 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
مختلف ایئرپورٹس پر پروازوں میں تاخیر کا دورانیہ 150 سے 200 منٹ تک پہنچ گیا تھا، جبکہ سسٹم میں خرابی کے باعث درجنوں پروازوں کا رخ بھی دوسرے ایئرپورٹس کی جانب موڑنا پڑا۔
حکام کے مطابق تکنیکی عملے اور انجینئرز نے رات گئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے خرابی کی وجہ تلاش کی اور سسٹم کو بحال کردیا۔
سسٹم کی بحالی کے بعد ایئر ٹریفک آپریشن دوبارہ شروع ہوگیا ہے، تاہم بڑے پیمانے پر پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث معمول کا شیڈول مکمل طور پر بحال ہونے میں وقت لگ سکتا ہے۔





















































































