لندن: مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور عالمی توانائی کی رسد متاثر ہونے کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، مربن خام تیل کی قیمت 122 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
برطانوی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں مربن خام تیل 122 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہورہا ہے۔
جمعرات کو برینٹ خام تیل کی قیمت میں مزید ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی قیمت 108.68 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت بھی مئی کے وسط کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق ڈبلیو ٹی آئی 6.7 فیصد اضافے کے ساتھ 103 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔
خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ تیزی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یمن میں حوثیوں کی جانب سے بندرگاہی شہر موخا پر قبضے اور آبنائے ہرمز میں مزید بحری جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات کے بعد عالمی توانائی کی سپلائی میں خلل کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔






















































































