چیئرمین آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن ہمایوں خان نے موٹرسائیکلوں اور چھوٹی گاڑیوں کیلئے پیٹرول پر حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 100 روپے فی لیٹر سبسڈی کے طریقہ کار سے لاعلمی کا اظہار کردیا۔
ہمایوں خان نے کہا کہ پیٹرول پر 100 روپے سبسڈی کے پیکج کے بارے میں پیٹرول پمپ مالکان کو کوئی معلومات نہیں دی گئیں۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر طریقہ کار واضح نہ کیا گیا تو 100 روپے فی لیٹر سبسڈی کے معاملے پر صارفین اور پیٹرول پمپ مالکان کے درمیان تنازعات پیدا ہوسکتے ہیں۔
آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نعمان بٹ نے بھی سبسڈی کے طریقہ کار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ریلیف کا اعلان تو کردیا ہے لیکن یہ واضح نہیں کیا کہ پیٹرول پمپ مالکان کو سبسڈی کی رقم کس طرح واپس ملے گی۔
واضح رہے کہ حکومت نے موٹرسائیکلوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کیلئے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی کا اعلان کیا ہے، جس پر عمل درآمد کا آغاز اسلام آباد سے کیا گیا ہے۔






















































































