امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ جس طرح بھارت کے لیے ایران سے تعلقات ضروری ہیں، اسی طرح امریکا کو بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات رکھنے کی ضرورت ہے۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا دنیا میں کسی بھی جگہ ہونے والی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے اور ہر اس شخص یا ملک کے خلاف ہے جو دہشت گردی کی سرپرستی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کے پاکستان کے ساتھ تعلقات ہیں اور جغرافیائی اعتبار سے ان تعلقات کو برقرار رکھنا امریکا کے لیے ضروری ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی حکومت کو ایران سے تعلقات رکھنے کی ضرورت ہے اور وہ ایرانی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کرتی ہے۔ اسی طرح امریکا کے لیے بھی پاکستان سے تعلقات رکھنا ضروری ہے۔
مارکو روبیو کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کے تحت بات چیت شاید امریکا کے لیے مددگار ثابت ہو۔ انہوں نے کہا کہ ممکن ہے ان تعلقات کے ذریعے امریکا بھارت کو درپیش خدشات دور کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکے۔

















































































