وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثنا اللہ نے لاہور میں تحفظ حرمین شریفین و استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابیاں باعثِ فخر ہیں اور دنیا اسے امن کے حامی ملک کے طور پر دیکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور عسکری قیادت نے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا اور ملک کو عالمی سطح پر احترام حاصل ہوا۔ ان کے مطابق قوم حرمین شریفین کے تحفظ پر متحد ہے اور مکہ معاہدہ حرمین اور پاکستان کے مشترکہ دفاع کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حرمین کے دفاع پر سمجھوتہ نہیں ہوگا اور اسے پاکستان کے استحکام سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں سے دنیا نے پاکستان کے پُرامن کردار کو تسلیم کیا۔ انہوں نے سفارتی کامیابیوں کو قابلِ فخر اور امن کے لیے کوششوں کو دنیا کے لیے مثال قرار دیتے ہوئے قومی اتحاد پر زور دیا۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث کے امیر حافظ عبدالکریم نے حرمین کے تحفظ کو مسلمانوں کے ایمان کا حصہ اور سعودی عرب کو اپنی ریڈ لائن قرار دیا۔ انہوں نے حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت کی اور مکہ معاہدے سمیت ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

















































































