اماراتی وزارت خارجہ نے یو اے ای میں ایرانی شہریوں کے رہائشی اسٹیٹس سے متعلق گردش کرنے والے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسی اطلاعات درست نہیں ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل ایک اماراتی ایئرلائن کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ایرانی شہریوں کو یو اے ای میں داخلے اور ٹرانزٹ کی اجازت نہیں ہوگی، جس پر مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئی تھیں۔
ایک اور اماراتی ایئرلائن نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا تھا کہ گولڈن ویزا رکھنے والے ایرانی شہری اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، تاہم اس حوالے سے صورتحال واضح نہیں تھی۔
اب اماراتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانیوں کے رہائشی اسٹیٹس سے متعلق دعوے بے بنیاد ہیں، اور یو اے ای ایرانی کمیونٹی کو اپنے متنوع سماجی ڈھانچے کا اہم حصہ سمجھتا ہے۔
وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ ملک میں مختلف قومیتوں کے افراد کو یکساں مواقع فراہم کیے جاتے ہیں اور کسی مخصوص کمیونٹی کے خلاف کوئی امتیازی اقدام نہیں کیا جا رہا۔