وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی پر صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے عوام کو شفاف، پُرامن اور جمہوری ماحول میں انتخابات کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی عمل میں عوام کی بھرپور شرکت خوش آئند ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انتخابات میں اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے، جس پر وہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدواروں کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ پارٹی امیدواروں نے بھرپور انتخابی مہم چلائی اور اچھا مقابلہ کیا۔
انہوں نے گلگت بلتستان کے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جمہوری عمل میں کامیابی حاصل کرنے والے تمام نمائندے عوامی خدمت کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پُرامن اور شفاف انتخابات جمہوریت کی مضبوطی کی علامت ہیں، جبکہ انتخابی عمل کے شفاف انعقاد پر الیکشن کمیشن اور سکیورٹی ادارے بھی خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔
انہوں نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اداروں نے پُرامن انتخابات کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔






















































































