سہ ملکی سیریز کے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو کامیابی کے لیے 303 رنز کا ہدف دیا ہے۔
راولپنڈی میں جاری مقابلے میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان کو اننگز کے آغاز ہی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلی گیند پر فخر زمان گس اٹکنسن کی گیند پر روٹ کو کیچ دے بیٹھے۔ صائم ایوب 8 رنز بنانے کے بعد سونی بیکر کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا مجموعی اسکور 31 رنز تھا۔
59 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی تیسری وکٹ گری، جب بابراعظم 34 رنز بنا کر ول جیکس کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
اس کے بعد حسن نواز اور عرفات منہاس نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی۔ حسن نواز نے 74 گیندوں پر 79 رنز بنائے، جبکہ عرفات منہاس نے 58 گیندوں پر 59 رنز کی اننگز کھیلی۔ فہیم اشرف نے 39، سعد بیگ نے 35 اور سلمان آغا نے 16 رنز کا حصہ ڈالا۔
انگلینڈ کی طرف سے سونی بیکر نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ گس اٹکنسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آج کے میچ میں پاکستان کی ٹیم فخر زمان، صائم ایوب، بابراعظم، سعد بیگ، حسن نواز، سلمان علی آغا، عرفات منہاس، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف پر مشتمل ہے۔
پاکستان نے سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کو 37 رنز سے ہرا کر اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کیا تھا۔




















































































