امریکا کی جانب سے پاکستان منتقل کیے گئے ایرانی جہاز توسکا کے عملے کے 15 ارکان کو ایران کے حوالے کر دیا گیا، جسے اعتماد سازی کے ایک اہم اقدام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق عملے کے یہ ارکان پیر کے روز سیستان و بلوچستان کے رمدان سرحدی ٹرمینل کے ذریعے ایران کی حدود میں داخل ہوئے، جہاں انہیں متعلقہ حکام کے حوالے کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق امریکا نے ایران کے ساتھ اعتماد سازی کے تحت قبضے میں لیے گئے جہاز “توسکا” کے مجموعی طور پر 22 ارکان پاکستان کے حوالے کیے تھے، جن میں سے اب 15 افراد کو باضابطہ طور پر ایران منتقل کر دیا گیا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق گزشتہ ہفتے عملے کے مزید 6 افراد کو پہلے ہی واپسی کے لیے خطے کے ایک اور ملک کے حوالے کیا جا چکا تھا، جبکہ باقی ارکان کی منتقلی کا عمل بھی مرحلہ وار مکمل کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ایرانی جہاز توسکا کو امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کے الزام میں امریکی حکام نے اپنی تحویل میں لے لیا تھا، جس کے بعد عملے کی رہائی اور واپسی کے لیے سفارتی سطح پر کوششیں جاری تھیں۔
























































































