جنوبی وزیرستان میں فوجی چیک پوسٹ پر ہونے والا خودکش حملہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا، تاہم واقعے میں 7 افراد زخمی ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق اعظم ورسک کے علاقے میں حملہ آور بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے فوجی چوکی کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم فورسز کی جانب سے ہائی الرٹ کے باعث فوری ردعمل دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا، جس کے نتیجے میں خودکش حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق گاڑی اور حملہ آور کو چوکی سے فاصلے پر نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا، تاہم واقعے میں 7 افراد زخمی ہو گئے۔
واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ مزید ممکنہ خطرات کا خاتمہ کیا جا سکے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جان محمد کے مطابق زخمی افراد کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال وانا منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
























































































