اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں، جبکہ بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور لاہور سمیت بالائی پنجاب کے متعدد علاقوں میں بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا کے بالائی اور وسطی علاقوں مانسہرہ، ایبٹ آباد، چترال، شانگلہ، دیر، سوات، مالاکنڈ اور کوہستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے اکثر علاقوں میں موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے کیونکہ وہاں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جہاں تربت اور سبی میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، نواب شاہ میں 46 جبکہ دادو میں درجہ حرارت 47 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔