چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکا اور ایران کے درمیان جاری امن مذاکرات کو مکمل طور پر ٹوٹنے سے بچانے کے لیے سرگرم سفارتی کوششیں کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان رابطہ کاری کو برقرار رکھنے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اس وقت ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے ماحول میں اہم سفارتی ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ اس پورے عمل میں پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایک غیر روایتی مگر مرکزی حیثیت حاصل ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی شدید کمی، اقتصادی پابندیوں اور جاری فوجی کشیدگی کے باعث امن مذاکرات ایک مشکل مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، تاہم پاکستان مسلسل کوشش کر رہا ہے کہ رابطے بحال رہیں اور مذاکرات کی راہ ہموار کی جا سکے۔























































































