وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ حکومت ریڈ لائن منصوبے پر کام کو آئندہ 48 گھنٹوں کے اندر دوبارہ شروع کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے تاکہ تاخیر کو کم کیا جا سکے اور عوامی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن منصوبہ اس وقت واحد ایسا بڑا منصوبہ ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، اور حکومت سندھ نے لاٹ ون اور لاٹ ٹو کو متعدد بار ہدایت دی تھی کہ وہ مقررہ وقت کے مطابق کام مکمل کریں۔ ان کے مطابق لاٹ ٹو کی کارکردگی پر خاص طور پر تحفظات تھے کیونکہ وہاں کام تسلی بخش انداز میں نہیں ہو رہا تھا، جس کے باعث حکومت نے متعلقہ کنٹریکٹ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
شرجیل میمن نے مزید بتایا کہ یہ فیصلہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی مشاورت سے کیا گیا، جبکہ حکومت سندھ اس اہم کوریڈور کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت 48 گھنٹوں کے اندر اس منصوبے پر کام دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ شاہراہ بھٹو پر جاری کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اسے آئندہ ماہ مکمل طور پر عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔





















































































