ہریانہ سے تعلق رکھنے والی اداکارہ دیویانکا سیروہی 30 سال کی عمر میں اچانک انتقال کر گئیں، جس نے شوبز حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑا دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کو پیر کی رات 21 اپریل کو اتر پردیش میں واقع اپنے گھر میں اچانک دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد اہل خانہ انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال لے گئے، تاہم ڈاکٹرز نے وہاں پہنچنے پر ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
ان کی اچانک وفات نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو شدید صدمے میں مبتلا کر دیا ہے، جبکہ متعدد فنکاروں نے سوشل میڈیا پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے، تاہم تاحال ان کے اہل خانہ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ دیویانکا سیروہی کا تعلق اتر پردیش سے تھا اور وہ غازی آباد میں اپنے والدین اور دادی کے ساتھ مقیم تھیں، انہوں نے علاقائی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں اپنی نمایاں پہچان بنائی اور گلوکار معصوم شرما کے ساتھ کئی گانوں میں جلوہ گر ہوئیں۔ سوشل میڈیا پر بھی ان کی بڑی فین فالوئنگ موجود تھی، جہاں ان کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد 1.3 ملین سے زائد تھی۔























































































