وفاقی وزارتِ صحت نے سال 2025ء کے دوران ملک بھر میں رپورٹ ہونے والے نئے ایچ آئی وی کیسز کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مجموعی طور پر 14 ہزار 182 نئے کیسز سامنے آئے، جبکہ ماہانہ اوسط تقریباً 1 ہزار 182 کیسز رہی، جو اس بیماری کے پھیلاؤ کی رفتار کو ظاہر کرتی ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق سال کے مختلف مہینوں میں کیسز کی تعداد میں واضح فرق دیکھا گیا، جہاں مارچ 2025ء میں سب سے کم 1 ہزار 16 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ جولائی میں یہ تعداد بڑھ کر 1 ہزار 443 تک پہنچ گئی، اور مجموعی طور پر سال کے دوسرے حصّے میں کیسز کی اوسط زیادہ ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق نئے ایچ آئی وی کیسز میں مردوں کی تعداد سب سے زیادہ رہی، جہاں 8 ہزار 386 مرد متاثر ہوئے جو مجموعی کیسز کا 59 فیصد بنتے ہیں، جبکہ 3 ہزار 314 خواتین میں یہ وائرس تشخیص ہوا جو 23 فیصد کے برابر ہے۔
اسی طرح بچوں میں بھی ایچ آئی وی کے کیسز سامنے آئے، جہاں 1 ہزار 748 بچوں میں اس بیماری کی تشخیص ہوئی، جو مجموعی کیسز کا 12 فیصد حصہ بنتے ہیں، جس پر ماہرین نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وزارتِ صحت نے مزید بتایا کہ خواجہ سراء کمیونٹی میں بھی 734 کیسز رپورٹ ہوئے، جو مجموعی تعداد کا 5 فیصد بنتے ہیں، جس سے اس طبقے میں بھی بیماری کے پھیلاؤ کی نشاندہی ہوتی ہے۔
صوبہ وار تفصیلات کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ 7 ہزار 920 کیسز رپورٹ ہوئے، سندھ میں 3 ہزار 859، خیبر پختون خوا میں 1 ہزار 383، اسلام آباد میں 498 جبکہ بلوچستان میں 472 کیسز سامنے آئے، جو ملک بھر میں اس بیماری کی موجودگی کو ظاہر کرتے ہیں۔






















































































