شہر قائد میں آج بھی موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں مزید اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے اور شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے، جبکہ گرمی کی شدت دن کے اوقات میں مزید محسوس کی جائے گی۔
دوپہر کے وقت سمندری ہوائیں بند رہنے کا امکان ہے، تاہم شام کے وقت سمندر کی ہوائیں بحال ہو سکتی ہیں، جبکہ شمال مغرب کی سمت سے تقریباً 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 27 فیصد بتایا گیا ہے، جس سے موسم مزید خشک محسوس ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی شہر میں ہیٹ ویو جیسی صورتحال برقرار رہی، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.9 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا اور نمی کا تناسب 52 فیصد ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ہیٹ انڈیکس کے مطابق شدید گرمی کے دوران درجہ حرارت اصل سے 4 سے 5 ڈگری زیادہ محسوس ہوا، جس کے باعث گرمی کی شدت 45 ڈگری سینٹی گریڈ کے برابر محسوس کی گئی۔
شمالی سمت سے چلنے والی گرم ہواؤں کے باعث دن بھر لو کے تھپیڑے محسوس کیے گئے، جبکہ مخالف سمت کی ہواؤں کی وجہ سے سمندری ہوائیں کئی گھنٹوں تک غیر فعال رہیں، جس سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا۔























































































