ایران نے امریکا کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں کسی بھی قسم کی امریکی مداخلت کو جنگ بندی کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا، جس سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
ایرانی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے امریکی صدر کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز اور خلیج فارس کے معاملات ٹرمپ کے بیانات سے نہیں چل سکتے، اور ان حساس معاملات میں بیان بازی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطے کے اہم سمندری راستوں کے حوالے سے کسی بھی اقدام کو سنجیدگی سے لیا جائے گا، اور ایران اپنی خودمختاری اور مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے آج سے آبنائے ہرمز میں پھنسے جہازوں کو نکالنے کے لیے اقدامات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے صورتحال مزید حساس ہو گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا مشرق وسطیٰ کے وقت کے مطابق آج صبح سے “پراجیکٹ فریڈم” کا آغاز کرے گا، جس کے تحت غیر جانب دار ممالک کے جہازوں کو آبنائے ہرمز سے محفوظ راستہ فراہم کیا جائے گا۔























































































