اسلام آباد: حکومت نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد مہنگائی سے پریشان عوام پر مزید بوجھ پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ ایک ہفتے کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 92 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 414 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 15 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 414 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
حکومتی اعلان کے بعد نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے، جبکہ ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات مہنگائی کی مجموعی شرح پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں، جبکہ شہریوں نے قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔























































































