چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کردار کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، جبکہ بین الاقوامی میڈیا نے بھی اس سفارتی پیش رفت میں پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیا ہے۔
امریکی ٹی وی سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورۂ تہران نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کو حتمی نتیجے تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال میں خلیجی ممالک اور لبنان بھی جنگی تناؤ کا حصہ ہیں، تاہم صرف پاکستان ہی مذاکراتی مسودے کو حتمی شکل دینے میں کامیاب ہوا۔
سی بی ایس نیوز کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران سے واپسی کے بعد مجوزہ مسودہ ایرانی اور امریکی قیادت کو جائزے کے لیے بھجوایا گیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو امریکا اور ایران دونوں کا اعتماد حاصل ہے، جبکہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان ہم آہنگی ثالثی عمل کا بنیادی عنصر رہی۔
امریکی ٹی وی کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو “مائی فیورٹ فیلڈ مارشل” قرار دے چکے ہیں، جبکہ پاکستانی حکومت اور عسکری قیادت اسلام آباد مذاکرات کے دوران کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔
سی بی ایس نیوز نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی کہا کہ پاکستان ماضی میں بھی امریکا اور چین کے درمیان سفارتی روابط کے قیام میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔
























































































